سب سے پہلے والدین اس بات کو یاد رکھیں کہ معاشرہ تیزی سے بدلتا جا رہا ہے،
جب آپ جوان تھے معاشرہ اور تھا، جب آپ چھوٹے تھے معاشرہ اور تھا، اور جب آپ کے والدین بھی چھوٹےتھے تو معاشرہ بالکل ہی اور تھا،
آج کی نسل بالکل مختلف حالات، دباؤ اورذاتی ترجیحات کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔ہر نسل ہی اپنے ساتھ نئے تجربات، نئی مشکلات اور نئی توقعات لے کر آتی ہے۔
پہلے زندگی نسبتاً سادہ تھی، باہمی تعلقات کے لیے وقت زیادہ میسر تھا، جتنا پرانا وقت تھا لوگوں میں دین داری، دید، لحاظ، ، مروت، قربانی و ایثار کا جذبہ، وغیرہ آج کی نسبت زیادہ موجود تھا،
لوگوں کے پاس موبائل تو کجا، ٹی وی بھی خال خال ہوتے تھے،
لہذا اپنے ان پرانے وقتوں کے بنے ذہنی اصول و قوانین کے ساتھ آپ موجودہ جنریشن کو نہیں چلا سکتے، اس لیے اپنے دور کے تجربات کو رہنمائی ضرور بنائیں، مگر یہ توقع نہ رکھیں کہ آج کی نسل ہر معاملے میں انہی پرانے سانچوں میں ڈھل جائے گی۔
آج کی نئی جنریشن میں ماں ویسی ماں نہیں، باپ ویسا باپ نہیں شوہر ویسا شوہر نہیں، حتی کہ اپنے بچے بھی ویسے بچے نہیں،
چہ جائیکہ ساس سسر یا سسرالی خاندان کو کوئی لڑکی لڑکا زیادہ اہمیت دے،
نفسا نفسی کا معاشرہ ہے، ایک مخبوط الحواس دوڑ لگی ہوئی ہے، اور منزل کا ٹھیک تعین کئے بغیر ہر کوئی بس دوسرے کو بھاگتا دیکھ خود بھی بھاگتا جا رہا ہے، کہ وہ دوسرا بھاگ رہا ہے تو میں بھی بھاگتا رہوں،کیوں اور کدھر کو، کچھ واضح نہیں، بس دوڑتے رہو۔
اور معاشروں میں سب سے تنزلی کا شکار پاکستانی معاشرہ ہے
جو نہ مکمل دین دار ہے نہ دنیا دار، بلکہ صرف دین اور دنیا کے درمیان میں لٹکا ہوا ہے،
چند حل کیا ہیں،
جوائنٹ مشترکہ فیملی سسٹم بالخصوص بڑے شہروں میں فیملی تباہ ہونے کا ایک بڑا ذریعہ ہیں، لہذا رہائش کا معاملہ شادی سے پہلے واضح کریں
اس سے پہلے کے مرد و خواتین ساس و بہو و دیگر سسرالی وغیرہ ایک دوسرے کا گریبان پکڑیں، نئے بیاہتا جوڑے کو شروع سے ہی الگ رکھا جائے، گھر الگ نہ ہو سکے تو کم از کم پورشن اور کچن الگ ہی رہے،
رشتے تڑوا کر، برتن بجوا کر، سر کھلوا کر، اور ڈپریشن کروا کر،
جو الگ ہونا یا خاندان تڑوانا ہے تو پہلے ہی صلح صفائی سے الگ رہ لیا جائے، کہ جو انتظام بعد میں ناراضی کے ساتھ کرنا پڑے، بہتر ہے کہ اسے پہلے ہی باہمی رضامندی اور خوش دلی سے طے کر لیا جائے۔
الگ رہائش کا مطلب ہرگز تعلق توڑنا نہیں؛ بعض اوقات مناسب فاصلہ ہی محبت اور احترام کو قائم رکھنے کا ذریعہ بنتا ہے۔
بہو سے توقعات حقیقت پسندانہ رکھیں
بہو خاندان میں ایک باعزت رشتے کے ساتھ آتی ہے۔ اس کی اپنی شخصیت، ضروریات، صحت، آرام اور نجی زندگی بھی اہم ہیں۔ اسے پورے گھر کی خدمت اور ہر فرد کی نگہداشت کا خودکار ذمہ دار سمجھ لینا مناسب نہیں۔
کسی بہو نے ساس سسر کو نہیں سنبھالنا، اور سنبھالے بھی کیوں جب یہ اس کی شرعی ذمہ داری بھی نہیں(صرف اخلاقی ذمہ داری اور نیکی ہے)
اپنا لڑکا یا بیٹیاں و ملازم سنبھالیں، کسی دوسرے کی لڑکی نے ساس سسر و دیگر سسرالیوں کو کیوں واجباً سنبھالنا ہے،
یہیں سے معاملات بگڑنا شروع ہوتے ہیں اور جیسے جیسے معاشرہ بدلتا جا رہا ہے ، لوگوں کے صبر و ظرف کم ہوتے جا رہے ہیں، لہذا لوگ ایسی امیدیں اور رسمیں رکھنا بھی کم کرتے جائیں،
والدین کی دیکھ بھال کے لیے ان کی اپنی اولاد کو ذمہ داری سے انتظام کرنا چاہیے۔ بیٹا اپنی ذمہ داری محض یہ کہہ کر بیوی کے سپرد نہ کر دے کہ اب والدین کو سنبھالنا اسی کا کام ہے۔بہو محبت اور خوش دلی سے تعاون کرے تو اس کی قدر کیجیے۔ رضاکارانہ خدمت کو مستقل مطالبے میں بدل دینا، اور پھر ہر کمی پر طعنہ دینا، تعلقات میں خرابی پیدا کرتا ہے۔اسی طرح بہو کو بھی ساس سسر کے ساتھ حسنِ اخلاق، احترام اور ہمدردی کا رویہ رکھنا چاہیے۔ گھر کا سکون اسی وقت قائم رہتا ہے جب سب ایک دوسرے کی حدود اور عزت کا خیال رکھیں۔
موبائل کی دنیا سے باہر بھی زندگی کی تیاری کریں
ڈراموں، فلموں، ریلز یا گیمز میں اس قدر مشغول ہو جانا کہ اپنی صحت، وقت اور ذمہ داریوں کا احساس ہی کم ہو جائے، کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں۔ یہ بات لڑکوں اور لڑکیوں، دونوں پر یکساں لاگو ہوتی ہے۔
جس لڑکی نے موبائل میں چائنہ کوریا امریکہ پاکستانی ڈرامے فلمیں اور انسٹا گرام ٹک ٹاک پر ریلز دیکھتے وقت گزارنا ہے
وہ صرف اپنے خاوند کو بھی پانی پلا دے تو اس کی مہربانی سمجھیں ورنہ ایسی خواتین (خوابوں اور خیالی شہزادوں کی دنیا میں رہتے) خود اپنے آپ کو سنبھالنے کے بھی قابل نہیں رہتیں ساس سسر و سسرالی تو سوچیں بھی نہیں۔
گھر اور رشتے وقت، توجہ، محنت اور برداشت چاہتے ہیں۔ ان کے لیے ذہنی اور عملی تیاری بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی شادی کی تقریب کی تیاری۔
لڑکیاں تعلیم کے ساتھ کوئی مفید ہنر بھی ضرور سیکھیں
لڑکے بھی آجکل زیادہ تر کام چور ہوتے جا رہے ہیں،
لہذا ہر لڑکی کو کچھ نہ کچھ سکل ہنر اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہیئے کہ کسی ایمرجنسی میں کچھ کر اپنے روزگار کا انتظام کر سکے،
لڑکیاں یاد رکھیں شادی کے بعد نہ ماں ویسی ماں رہنی ہے نہ باپ ویسا باپ، بھائی بہن تو ویسے ہی شادی کے ساتھ ہی شریکے بن جاتے ہیں،دیکھ لیں آپ کے والدین کا اور آپ کا اپنے چچا ، تایا، خالہ ماموں ، پھپھو اور ان کے بچوں سے کیسے تعلقات ہیں، یہی آپ تمام بہن بھائیوں کا مستقبل ہے (الّا کہ اللہ کا خصوصی احسان ہو)
تو کسی نے ایک حد سے زیادہ نہیں سنبھالنا، اگر شوہر سے بگڑی تو خود پاوں پر کھڑا ہونے کے قابل ہوں، ورنہ ماں باپ تو جلدی انتقال کر جانا ہے کسی بھائی یا بھابھی نے آپ کو مستقل نہیں سنبھالنا۔
تو میسر سیکھنے کے وقتوں میں، سستی کی مکمل تصویر بنے ، موبائل کی کھوکھلی دنیا میں کھوئے رہنے کے بجائے، کسی ہنر و سکل میں خود کو تیار رکھیں،
ورنہ دھکے کھانے کا حوصلہ بلند رکھیں،
والدین اور بہن بھائی محبت کرنے والے اور مددگار ہو سکتے ہیں، مگر ان کی صحت، مالی حالت اور ذمہ داریاں بھی بدل سکتی ہیں۔ اس لیے اپنی پوری زندگی کا انحصار اس توقع پر نہ رکھیے کہ مشکل وقت میں کوئی دوسرا ہمیشہ تمام ضروریات پوری کرتا رہے گا۔
خواتین اپنی صحت، گھر داری، رکھ رکھاؤ، لباس و صفائی ستھرائی و مہمان داری ، خاص طور موٹاپے کا خیال رکھیں،
یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے کہ موٹی، ہمیشہ کے لئے بڑا پیٹ نکالے خاتون اکثریتی شوہروں کو زیادہ نہیں بھاتیں،
اپنا خیال آپ خود نہیں رکھیں گی تو مرد نظریں باہر گھماتا رہے گا،
گھر سے اچھا کھانا ملتا رہے تو باہر سے کھانے کی طلب کنٹرول رہتی ہے۔
والدین اپنے بڑھاپے کی تیاری بھی کریں
نئے معاشرہ کے، نہ لڑکوں نے ذمہ داریاں مکمل طور نبھانی ہیں نہ لڑکیوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہیں،
لہذا ساس سسر بھی پہلے سے ہی بڑھاپے کے لئے تیار رہیں، کہ کسی کی محتاجی میں نہ ہی جانا پڑے، جیسا کہ انگریز لوگ کرتے ہیں، کیونکہ معاشرہ اسی طرف جا رہا ہے
والدین کو بھی، جہاں تک ممکن ہو، بڑھاپے کے اخراجات، علاج، رہائش اور دیکھ بھال کے بارے میں پہلے سے سوچنا چاہیے۔اولاد کو والدین کے احترام اور خدمت کا احساس ہونا چاہیے، اور والدین کو بھی اپنی آئندہ ضروریات کے لیے عملی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ بروقت تیاری بہت سی پریشانیوں اور خاندانی تنازعات کو کم کر سکتی ہے۔
جتنا مل جائے شکر کریں، جو نہ ملے صبر رکھیں
شادی کا مقصد ایک ایسا گھر بسانا ہے جہاں سکون، رفاقت، عزت اور اعتماد میسر ہوں۔ یہ مقصد تب زیادہ آسانی سے حاصل ہوتا ہے جب ہر شخص اپنی ذمہ داری پہچانے، دوسروں سے مناسب توقعات رکھے اور اختلاف کے باوجود احترام کا دامن نہ چھوڑے۔
نہ تو بہو کی زندگی کو ایسا بنا دیا جائے کہ وہ سسرال کو ایک جنگی علاقہ سمجھے کہ جہاں، جگہ جگہ قدم قدم بارودی سرنگیں بچھی ہیں، کہ ذرا قدم اور زبان یہاں وہاں ہوئی تو بم پھٹ جائے گا،
نہ بہو بے صبر ہوکر ایسی ہلکی اور غلط حرکتیں کرے کہ دو گھروں کا نظام خراب ہو جائے، ٹوٹ جائے
آجکل طلاق کی ریشو دن بدن بڑھتی جا رہی ہے،
لیکن بعض اوقات یہ فیصلہ کرنا نسبتًا آسان لیکن نتائج بہت تلخ ہوتے ہیں کہ شادی شدہ زندگی کے مسائل سے تنگ آ کر طلاق لے لینے والی، یا طلاق دے دینے والے، زیادہ سنگین مسائل میں گھِرجاتے ہیں۔
لیکن شاعر کہتا ہے
زندگی اتنی غنیمت تو نہیں جس کے لئے
عہدِ کم ظرف کی ہر بات گوارہ کر لیں،
باقی تمام تدابیر کو اختیار کر لینے کے بعد بھی نتائج ہمارے مطابق ہونا ضروری نہیں، اللہ تعالی کا خصوصی فضل و کرم ہوتا ہے کہ کونسا گھر جنت کی تصویر پیش کرتا ہے یا جہنم کی تصویر، ایسے ہی سمجھ لیا جائے کہ جیسے قبر میں جنت جہنم کی کھڑکی کھل جاتی ہے ، ایسے ہی ہم اپنی زندگیوں میں ہی ، اپنے گھروں میں جنت یا جہنم کی کھڑکی خود اپنے اعمال سے کھول لیتے ہیں