اصولِ حدیث — salmanaliaqdas.com

 

حدیث: وہ قول، فعل یا تقریر جسے نبی کریمﷺ کی طرف منسوب کیا گیا ہو، یا صحابی، یا تابعی کی طرف نسبت دی گئی ہو۔

تقریر: جو کام نبی کریمﷺ کی موجودگی میں کیا گیا ہو اور آپﷺ نے اس سے منع نہیں فرمایا، بلکہ اس پر سکوت فرمایا، اسے برقرار رکھا ہو

خبر، سنت، حدیث میں فرق: تینوں ایک دوسرے کے مترادف ہیں، آئندہ جہاں خبر لکھا جائے اسے حدیث ہی سمجھا جائے۔

حدیث کی 8 اقسام

1) راویوں کی کثرت و قلت کے اعتبار سے

(۱) خبر متواتر (۲) خبر مشہور (۳) خبر عزیز (۴) خبر غریب

نوٹ خبر متواتر کے علاوہ حدیث کی باقی تین اقسام (مشہور، عزیز، غریب) کو خبر واحد بھی کہتے ہیں، خبر واحد کا جمع بنا اخبار آحاد۔ (خبر متواتر) علم یقینی کا فائدہ دیتی ہے، کہ ماننا ضروری، اور (خبر واحد) علم نظری کا فائدہ دیتی ہے کہ جس پر غور و فکر و نظر و استدلال ہو۔

خبر متواتر: وہ حدیث جس کو سند کے ہر طبقہ میں راویوں کی اتنی بڑی تعداد روایت کرے کہ جس کا جھوٹ پر متفق ہونا محال ہو، کم از کم دس راوی ہوں تو وہ حدیث متواتر ہوتی ہے۔ حکم: خبر متواتر پر اعتقاد و عمل کرنا واجب، علم یقینی حاصل ہوتا ہے، اس کا انکار کرنا کفر ہے

خبر مشہور: جس کے راوی ہر طبقہ میں کم از کم تین ہوں، حکم: عمل کرنا لازم، اور اس کا انکار کرنا کفر نہیں لیکن بدعت و گمراہی ہے

خبر عزیز: جس کی سند کے کسی بھی طبقہ میں کم از کم دو راوی ہوں، حکم: ظن کا فائدہ، لیکن قوت پا کر واجب العمل، منکر فاسق ہوگا

خبر غریب: سند کے کسی بھی طبقہ میں صرف ایک راوی رہ جائے، حکم: ظن کا فائدہ، لیکن قوت پانے پر عمل ضروری، منکر فاسق ہوگا

حدیث مشہور: عہد صحابہ میں خبر واحد ہی ہو، لیکن تابعین و تبع تابعین کے دور میں حد تواتر تک پہنچ جائے، اور متواتر کی طرح ہمیں پہنچے

خبر واحد(عزیز و غریب)پر کب عمل کریں گے؟ (۱) جب وہ قرآن پاک کے خلاف نہ ہو (۲) حدیث مشہور کے خلاف نہ ہو (۳) ظاہر کے خلاف نہ ہو، (یعنی دور صحابہ و تابعین میں حدیث کا عدم شہرت ہونا اور اس پر عمل نہ ہونا)

نوٹ: فقیہ اور مجتہد صحابی کی روایت کو غیر فقیہ و غیر مجتہد یا اعرابی صحابی کی روایت پر ترجیح ہوگی۔

2) صفاتِ راوی کے اعتبار سے خبر کی اقسام:

(۱) صحیح لذاتہ (۲) صحیح لغیرہ (۳) حسن لذاتہ (۴) حسن لغیرہ

صحیح لِذَاتہ: سند متصل ہو، راوی عادل ہوں، راوی ضابط ہوں، حدیث شاذ نہ ہو، حدیث غیر مُعَلَّل ہو، ورنہ صحیح لذاتہ نہ ہوگی

صحیح لغیرہ جس میں صحیح لذاتہ کی تمام 5 شرائط ہوں، لیکن ضبط روایت میں بس کچھ کمی ہو، اور وہ کمی کسی اور ذریعہ سے پوری ہو جائے

حسن لذاتہ: جس میں صحیح لذاتہ کی تمام 5 شرائط ہوں، لیکن ضبط روایت میں بس کچھ کمی ہو، اور وہ کمی کسی اور ذریعہ سے بھی پوری نہ ہو۔

حسن لغیرہ: وہ ضعیف حدیث جس کی سندیں زیادہ ہوں، اور اس کا ضعف تعدد طرق سے ختم ہو جائے، دو سندوں سے آنا کافی ہے۔

نوٹ: مندرجہ بالا قسم نمبر2 کی روشنی میں خبر کی 3 اقسام بن گئیں، (۱) صحیح (۲) حسن (۳) ضعیف (ضعف قریب، ضعف قوی، مطروح)

حدیث ضعیف: اس حدیث کو کہتے ہیں جس میں صحیح یا حسن کی تمام یا بعض شرائط مفقود ہوں، اور وہ کمی پوری نہ ہو۔ اور حسن نا بن سکے۔

نوٹ: صحیح لذاتہ واجب العمل ہے، حدیث حسن بھی احکام حلال و حرام میں حجت ہوتی ہے، حسن لغیرہ، حسن لذاتہ سے درجہ میں کم ہے، حدیث ضعیف، فضائل اعمال، مواعظ، ترغیب، ترہیب میں مقبول ہوتی ہے، حدیث ضعیف ایسے بیان کی جائے، رُوِیَ عَن رسول اللہﷺ

3) دو راویوں کے درمیان الفاظ حدیث میں اختلاف کی وجہ سے خبر کی اقسام:

(۲،۱) شاذ و محفوظ اگر ثقہ راوی اپنے سے زیادہ ثقہ، یا ارجح کی مخالفت کرے تو ثقہ کی روایت شاذ، اور زیادہ بڑے ثقہ کی روایت محفوظ ہے (۴،۳) معروف و منکر: اگر ضعیف راوی اپنے سے زیادہ ارجح کی مخالفت کرے تو ضعیف کی روایت منکر، ارجح کی روایت محفوظ ہے۔ حکم: شاذ اور منکر روایات مردود ہوں گی، جبکہ محفوظ اور معروف روایات مقبول کی جائیں گی۔

4) مخالفت سے سلامت ہونے یا نہ ہونے کے اعتبار سے خبر کی اقسام:

(۱) مُحکَم: جس کے مقابل، اسی درجہ کی کوئی حدیث نا ہو، (۲) مُختَلِفُ الحدیث جس کے مقابل، اسی درجہ کی کوئی حدیث ہو لیکن ان دونوں حدیثوں کی آپس میں مطابقت ممکن ہو، (۴،۳) ناسِخ و مَنسُوخ: اگر دو حدیثیں آپس میں متعارض ہوں، اور پتہ چل جائے کہ فلاں مقدم اور فلاں مؤخر ہے، تو مقدم حدیث منسوخ اور بعد والی ناسخ ہوگی، (تصریحات بھی منسوخ حدیث بتاتی ہیں)

5) سند میں سقوط راوی کے اعتبار سے خبر کی اقسام:

(۱) مُعَلَّق جس کے چند راوی یا ساری سند حذف کر دی جائے اور براہ راست کہہ دیا جائے کہ قال النبیﷺ، (۲) مُرسَل، سند کے آخر سے تابعی کے بعد صحابی کا نام حذف کر کے کہنا قال النبیﷺ (۳) مُعضَل، تبع تابعی، نہ تابعی کا نام لے نہ صحابی کا اور کہے قال النبیﷺ، (۴) مُنقطِع، جس کی سند سے کوئی بھی راوی ساقط ہو جائے، (۵) مُدَلَّس، راوی حدیث کی سند کا کوئی عیب چھپائے، اپنے شیخ، یا شیخ کے شیخ، کا نام چھپائے۔

6) راوی میں طعن کے اعتبار سے خبر کی اقسام:

(۱) موضوع، جو جھوٹی بات بطور حدیث پیش کی جائے (۲) متروک، سند میں کوئی ایسا راوی آجائے جس پر جھوٹ کی تہمت ہو، (۳) مُنکَر، جس کا راوی فحش غلطیاں کرے، یا غفلت و فسق کے ساتھ مطعون ہو (۴) مُعلَّل، راوی میں طعن اس کے وہموں کی وجہ سے ہو

7) راوی کی طرف سے حدیث میں اضافہ، تغیر، یا تبدل کرنے کے اعتبار سے اقسام:

(۱) مُدرَج: جس حدیث کی سند یا متن میں کوئی اضافہ یا تغیر کر دیا جائے (۲) مقلوب، جس حدیث کے الفاظ مقدم یا مؤخر کیا گیا ہو (۳) مُضطَرِب: قوت میں مساوی، ایسی متعارض احادیث جن کی آپس میں مطابقت نا ممکن ہو (۴) مُصحَّف و مُحرَّف ایسی حدیث جس کے کسی کلمہ کو اپنی اصلی حالت سے دوسری حالت میں بدل دیا گیا ہو،

8) مصدر کے اعتبار سے حدیث کی اقسام:

(۱) حدیث قدسی، جس کے راوی نبی کریمﷺ ہوں اور نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف ہو، (۲) حدیث مرفوع، نبی کریمﷺ کا قول، فعل یا تقریر، (۳) حدیث موقوف، صحابی کا قول، فعل یا تقریر (۴) حدیث مقطوع، تابعی کا قول، فعل یا تقریر۔

فتاوی رضویہ: عقائد میں حدیث آحاد اگرچہ صحیح ہو کافی نہیں کہ اعتقاد کے لئے صرف حدیث متواتر قابل قبول ہے / احکام میں حدیث صحیح یا حدیث حسن قابل قبول ہیں لیکن ضعیف حدیث احکام میں قبول نہیں / فضائل و مناقب میں حدیث ضعیف قبول ہے / حدیث کے صحیح نہ ہونے اور موضوع ہونے میں زمین آسمان کا فرق ہے، حدیث غیر صحیح ہونے کا یہ مطلب نہیں ہوگا کہ حدیث کا موضوع ہونا لازم ہے / ضعیف راویان کی وجہ سے حدیث کو موضوع کہنا ظلم ہے / حدیث مضطرب، بلکہ منکر، بلکہ مدرج بھی موضوع نہیں کہ فضائل میں مقبول ہیں / منکر و متروک کی حدیث بھی موضوع نہیں / اہل علم کے عمل کر لینے سے حدیث ضعیف قوی ہو جاتی ہے / بعض احادیث پر محدثین کو کلام ہوتا ہے لیکن اہل کشف کے نزدیک وہ صحیح ہوتی ہیں / راوی مجہول ہو، بالکل متہم، ہو تو بھی حدیث ضعیف ہوگی، باطل یا موضوع نہیں / محدثین کی اصطلاح میں جس حدیث کو مرسل، منقطع، معلق، معضل کہا جاتا ہے، فقہاء و اصولیین کی اصطلاح میں ان سب کو مرسل کہتے ہیں / مرسل حدیث ہمارے اور جمہور کے نزدیک حجت ہے، / ائمہ کرام اور جمہور علماء کے نزدیک ایک انقطاع سے صحت و حجیت میں کچھ خلل نہیں پڑتا / جمہور محدثین کے ہاں مدلس کا عنعنہ مردود ہے، عنعنہ سے مراد وہ حدیث جو عن سے شروع ہو، / مشاجرات صحابہ میں سیر و تاریخ کی موحش حکایتیں قطعاً مردود ہیں / جس سے امام اعظم ابو حنیفہ روایت فرما لیں اس کی ثقاہت ثابت ہوگئی۔ متصل: وہ حدیث جس کی سند سے کوئی راوی نا چھوٹ گیا ہو۔

اقسام کتب احادیث: صحیح وہ کتاب جس میں صرف صحیح احادیث ہوں، جیسے بخاری مسلم، سُنَن وہ کتاب جس میں ابواب فقہی کی ترتیب پر احادیث احکام جمع کی گئی ہوں، جامع وہ کتاب جس میں آٹھ عنوانات کے تحت احادیث لائی جائیں، سیر، آداب، تفسیر، عقائد، فتن، احکام، اشراط، مناقب مُسنَد جس میں ہر صحابی کی مرویات الگ الگ جمع کی جائیں، مُعجَم جس میں اسمائے شیوخ کی ترتیب سے احادیث لائی جائیں۔۔۔ (کتب اسماءالرجال) (علم الجرح والتعدیل)

محمد سلمان علی اقدس

رومی لائبریری، جوہر ٹاؤن لاہور

Leave a Reply

You cannot copy content of this page

WhatsApp