Islamic Banking and Finance — salmanaliaqdas.com


پس منظر:

اسلام ایک مکمل اور کامل ترین اقتصادی نظام رکھتا ہے، اسی نظام کے تحت اسلامی حکمرانوں نے 1300 سال سے زائد عرصہ تک پوری دنیا میں تاریخ انسانی کی عظیم ترین سلطنتیں قائم رکھیں، اسلامی نظام معیشت ایک ایسا نظام ہے جس میں نا کوئی سقم ہے نا ہی کوئی استحصال، بلکہ اسلام کے نظام معیشت (بیت المال، زکات، عشر، خمس، خراج، جزیہ، مال غنیمت، مال فئے، صدقات) کا بھی کمال تھا کہ پوری دنیا کی عوام نے ہر جگہ ان کو خوش آمدید کہا، نا صرف مسلمانوں کی حکمرانی قبول کی بلکہ انہی نظاموں کی وجہ سے اپنے کفریہ مذاہب چھوڑ کر اسلام میں مکمل طور داخل بھی ہو گئے۔ اسلام کے نظام معیشت کی بنیاد قرآن حدیث اور ان سے اخذ فقہی اصولوں پر ہے، جس کی بنیاد بالخصوص سود، قمار، جوا بازی، ذخیرہ اندوزی اور غرر سے مکمل طور سے پاک ہونے اور کاروبار کو شرکت، مضاربت، سلم، استصناع، یا ورنہ اجارہ و یا مرابحہ، کفالہ وغیرہ سے کرنے میں ہے، اور اسلام میں شرعی زر دینار (سونے کا سکہ، جو 22 قیراط اور سوا4 گرام ہو) اور درہم (چاندی سکہ جو 99 فیصد چاندی، اور 3 گرام ہو) ہیں، ترکی خلافت عثمانیہ کے ختم ہوتے ہی تمام اسلامی حکومتی معاشی نظام کا بھی خاتمہ ہو گیا، جو مسلمانوں کی ترقی کا ایک اہم ترین ذریعہ تھا۔ آخری خلافت عثمانیہ کو ختم کرنے کے بعد مغربی طاغوتی طاقتوں نے امت مسلمہ کو دجالی نظام میں جکڑ کر رکھنے کو درج ذیل شیطانی ہتھکنڈے استعمال کئے، ۱) سود، ۲) کاغذی کرنسی ۳) مرکزی بنک ۴) قومی قرضہ ۵) ملکی آئین ۶) جمہوریت ۷) لیگ آف نیشنز، اقوام متحدہ ۸) مغربی تہذیب۔ اور ان تمام چیزوں نے مسلمانان عالم کو جڑوں تک ہلا کر رکھ دیا۔ مخلصین اسلامی طبقات نے ان چیزوں کے خلاف بھرپور کوششیں کیں اور آج بھی جاری ہیں، اور کچھ طبقات انہی چیزوں میں اصلاح لاتے ہوئے انہیں اسلامی اصولوں پر ڈھالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، جیسا کہ جمہوریت کو اسلامی بنانا، آئین کو قرآن حدیث کے تابع رکھنا، مغرب میں جا بس کر مغربی تہذیب میں بھی اپنی شناخت قائم رکھنا، اور بنکوں کے نظام کو سود وغیرہ سے پاک کرنا، اسلامی اصولوں پر مبنی نئے بنک بنانا، اسلامی بنکنگ کا آغاز 1963 سے مصر سے ہوا، پھر ملائیشیا، دبئی وغیرہ سے ہوتا یہ نظام پوری دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے، آج اسلامی بنکوں میں مالیات و اثاثوں کا حجم 4500 ارب ڈالر (ساڑھے چار ٹریلین امریکی ڈالرز) کے قریب ہے۔ جو روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ ملائیشیا اور چند ممالک میں سونے کے سکے اور E-Dinar آن لائن کی سہولیات بھی میسر کی گئیں، جبکہ امریکہ یورپ میں بھی یہ نظام پھیل رہا ہے۔ مفہوم حدیث ہے کہ ایسا وقت آئے گا کہ انسانوں کے لئے سونا اور چاندی کے علاوہ کوئی نفع والی چیز باقی نہ رہے گی، یعنی سونا چاندی کے علاوہ کسی چیز میں تجارت نا ہو سکے گی، کاغذی کرنسی کی حیثیت ردی کے کاغذوں جیسی ہو جائے گی۔

مُضَارَبَہ:

ایک پارٹی صرف اپنا سرمایہ دیتی ہے جبکہ دوسری پارٹی اس سرمایہ سے کاروبار کرتی ہے، یعنی ایک فریق کا سرمایہ ہوگا اور دوسرے فریق کا وقت اور محنت ہوگی، جو سرمایہ دیتا ہے اسے رَبُّ المال، اور جو سرمایہ لیتا ہے اس مُضارِب کہتے ہیں۔ پوری ایمانداری سے کام کرنے پر بھی اگر نقصان ہو جائے، تو سرمایہ کا نقصان صرف مالک کو برداشت کرنا ہوگا، مضارب کو کوئی پیسہ واپس یا سرمایہ لوٹانا نہ ہوگا، لیکن اگر نقصان مضارب کی غفلت یا بد نیتی سے ہو تو پھر مضارب کو نقصان بھرنا پڑے گا۔ پرافٹ ہونے کی صورت میں نفع کی تقسیم پہلے سے طے شدہ فارمولے کے مطابق ہی ہوگی، وہ جو بھی طے کیا ہوا ہو۔ رب المال یعنی فنانسر مضارب کی مینجمنٹ میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں رکھتا، دو سے زیادہ افراد بھی مضاربت میں شامل ہو سکتے ہیں، کمپنیاں یا حکومت بھی اپنے مالی وسائل مضاربت کی بنیاد پر اکٹھا کر سکتی ہیں، نفع کی تقسیم طے شدہ نسبتوں سے ہوگی، کوئی متعین رقم پیشگی طے نہیں کی جا سکتی، نقصانات کی تلافی نفع سے ہوگی۔ رسول اللہﷺ سے روایت ہے کہ مضاربت میں برکت ہے

مُشَارَکَہ:

اس صورت میں تمام پارٹنرز مل کر سرمایہ کاری کریں گے، اور تمام شرکاء کاروباری مینجمنٹ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں، منافع رکھنے کی کوئی بھی شرح متعین کی جا سکتی ہے، چاہے کسی کا منافع زیادہ رکھا جائے یا کسی کا کم۔ لیکن اگر نقصان ہو جائے تو جس نے جتنا جتنا حصہ ڈالا تھا اسی شرح کے مطابق اسے نقصان اٹھانا ہوگا، نفع کی شرح کا تعین پہلے سے کر لینا بھی ضروری ہے۔ نفع کی تقسیم طے شدہ نسبتوں یا فیصد سے ہوگی، کوئی متعین رقم پیشگی طے نہیں کی جا سکتی۔ رسول اللہﷺ کے پاس ایک شخص آیا اس نے کہا کہ میں بازار میں کاروبار کرتا ہوں اور میرا شراکت دار مسجد میں نماز پڑھتا ہے، آپﷺ نے فرمایا کہ شاید تیرے کاروبار کی برکت اسی شراکت دار کے سبب سے ہو، آپﷺ نے فرمایا کہ اللہ کا ہاتھ ان حصہ داران کے ساتھ ہوتا ہے، جو بے ایمان نہ ہوں۔

شِرکتِ مُتَنَاقِصَہ:

(Diminishing Musharakah) بنک اور اس کا کسٹمر مل کر ایک گھر یا کوئی اثاثہ خریدتے ہیں، اب بنک بھی چونکہ اثاثہ کا مالک ہے تو وہ اپنے حصہ کو یونٹس میں تقسیم کر کے اپنے حصہ کا کرایہ اپنے پارٹنر کسٹمر سے وصول کرتا رہتا ہے۔ جیسے جیسے کرایہ آتا جاتا ہے بنک اپنے حصہ کے یونٹس بھی اپنے کسٹمر کو بیچتا جاتا ہے، اور رفتہ رفتہ تمام مطلوبہ رقم کرایہ کی صورت ادا کر کے کسٹمر وہ تمام یونٹس بنک سے خرید کر اس اثاثہ کا اکیلا مالک بن جاتا ہے۔

اِجارہ و اِقتِناع:

(Leasing and Acquisition) اجارہ یعنی کرایہ داری یا پٹہ داری کو ہی لیزنگ کہا جاتا ہے، اسلامی بنک کوئی بھی گاڑی، پراپرٹی، آلات یا مشینری وغیرہ کو خود خرید کر کسٹمر کو کرایہ پر دے دیتا ہے، اس اثاثہ کی قیمت، کرایہ کی رقم اور کرایہ کی مدت اور ادائیگیوں کا مکمل شیڈول طے کر لیا جاتا ہے، اور کرایہ کی مد میں ادائیگیاں پوری ہو جانے پر بنک اپنے کسٹمر یعنی کرایہ دار کو ہی مالک بنا دیتا ہے۔

اِستِجرَار:

کسی جگہ یا دوکان سے کوئی چیز تھوڑی تھوڑی کر کے ادھار لینا، پھر کچھ عرصہ بعد اس کی ساری قیمت اکٹھی ادا کرنا، احناف کے نزدیک جائز

اِستِصنَاع:

(آرڈر پر چیز بنوانا) فریقوں کی رضا مندی سے قیمت متعین کی جائے گی۔ یہ کام شروع ہونے سے پہلے کینسل کیا جا سکتا ہے، لیکن اگر کام شروع ہو گیا تو پھر کینسل نہیں کیا جا سکتا، بیع سلم میں تمام قیمت پہلے دینا اور وقت کا تعین ضروری ہے، استصناع میں ڈیلیوری وقت کا تعین ضروری نہیں ہے،

بَیع سَلَم:

(قیمت نقد، مال ادھار) ایسی تجارت جس میں قیمت موقع پر ادا کی جائے گی، اور مقررہ خریدی گئی چیز کچھ عرصہ کے بعد فراہم کی جائے گی۔ اگر قیمت بھی ادھار کر دی جائے تو یہ سودا مکمل نا جائز ہو جائے گا کیونکہ شریعت میں قرض کے بدلے قرض منع ہے۔ (سلم، عام طور فصلوں پر ہوتا ہے)

بَیع مُرَابَحَہ:

(Profit + Cost) کوئی بھی چیز بیچنے والا، چیز کی اصل قیمت بھی بتائے اور اس پر جو اس کا مزید خرچ یا جتنا منافع ہے وہ بھی بتائے، یعنی خریدی ہوئی چیز مزید اپنا پرافٹ رکھ کر مہنگا بیچنا مرابحہ کہلاتا ہے، اگر بیچی جانے والی چیز کی حقیقی قیمت چھپائی یا نہ بتائی جائے تو یہ سودا فاسد ہوگا۔

بَیع مُؤَجَّل:

(ادھار مال دینا) کہ مال ادھار بھی بیچا جا سکتا ہے، ادھار بیچنے پر مال کی قیمت زیادہ بھی کر دی جائے، لیکن شرائط ہیں کہ رقم اور مدت متعین ہو، اور تاخیر ہو جانے کی صورت اس پر کوئی جرمانہ بھی نہ ہوگا۔ خریدار کی کوئی چیز ضمانتاً بھی رہن رکھی جا سکتی ہے۔ (بیع مؤجل ایک اختلافی مسئلہ)

تَوَرُّق:

کوئی چیز ادھار خریدنا اور اسے آگے کسی اور شخص کو نقد بیچ دینا، تورق کہلاتا ہے، لیکن اس کی شرائط ہیں کہ ۱) مال اسی کو ہرگز واپس نا بیچا جائے جس سے خریدا، ورنہ یہ بیع عینہ ہو جائے گا جو کہ حرام ہے، ۲) خریدے ہوئے مال پر ایک مرتبہ اپنا قبضہ ہونا ضروری ہے، ۳) مال کمانے کا کوئی اور ذریعہ ہو تو یہ طریقہ استعمال نہ کیا جائے، ۴) کسی اور سے اگر قرض نہ ملتا ہو تو یہ طریقہ استعمال کیا جائے، ورنہ نہیں، کچھ علماء کے مطابق تورق جائز نہیں، لہذا احتیاط بہتر ہے۔

تَکافُل:

(اسلامی انشورنس) حاصل شدہ رقم کو دو کیٹیگریز میں رکھا جاتا ہے، ۱) وقف فنڈ، ۲) سرمایہ کاری، تمام کلیمز کی ادائیگی وقف فنڈ سے کی جاتی ہے، بچ جانے والی رقم سے بھی سرمایہ کاری ہوتی ہے، اور اس کا منافع ممبران میں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔ جبکہ تکافل کمپنیاں اس میں سے اپنے سروس چارجز لیتی ہیں۔

صُکُوک:

(اسلامی بانڈز) روایتی بانڈز صرف قرضوں کی دستاویزات ہیں۔ جبکہ صکوک یا بانڈز متناسب حصص کی ملکیت کا ثبوت ہوتے ہیں، اور منافع کا انحصار حاصل شدہ آمدن پر ہوتا ہے، جبکہ روایتی بانڈز میں منافع فکس ہوتا ہے، صکوک میں مدت متعین ہوتی ہے جبکہ روایتی بانڈز میں کوئی مدت متعین نہیں ہے۔

محمد سلمان علی اقدس

رومی لائبریری، جوہر ٹاؤن، لاہور 03335767687

Leave a Reply

You cannot copy content of this page

WhatsApp