Islamic law of Inheritance
محمد سلمان علی اقدس ، رومی لائبریری، لاہور، 03335767687
کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کا چھوڑا ہوا مال میراث ہے، جو اس کے رشتہ داروں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ کسی بھی حق دار مرد یا عورت ،وارث کو ناجائز وصیت یاکسی بھی طرح معین وراثت کے حق سے محروم کرنا گناہ کبیرہ، سخت حرام ہے، جو برے خاتمے اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے،بالخصوص یتیم یا نابالغ کا مال کھانے پر قرآن میں بھڑکتی آگ کی وعید ہے۔ خواتین ،بیٹیوں، بہنوں یا بیواؤں یا پہلی دوسری بیویوں کو ان کا حق نا دینا، یا زور دے کر، اخلاقی ومعاشرتی دباؤ ڈال کر ان کو جائیداد سے دستبردار کروا دینا بھی ناجائز و حرام ہے۔ حدیث شریف ہے جو شخص کسی کی بالشت بھر زمین بھی ازراہ ظلم لے گا،بروزِ قیامت ساتوں زمینوں سے اتنی ہی زمین اس کے گلے میں بطور طوق ڈالی جائے گی۔
میت کے چھوڑے ہوئے مال میراث کے چار حقوق ہیں:
۱: میت کا کفن دفن ۲: میت کا قرض اتارنا ۳: میت کی وصیت پوری کرنا (وصیت صرف ایک تہائی مال کی قابل قبول ہے) ۴: میت کا مال اس کے وارثین میں تقسیم کرنا
۱: کفن دفن: میت کا غسل، قبر کی تیاری، قبرستان لے جانے کا انتظام ،مرد ہونے کی صورت کفن کے تین کپڑے(ازار ،کفنی قمیض، لفافہ)، اور عورت ہونے کی صورت میں کفن کے پانچ کپڑوں(اوڑھنی ، سینہ بند) میں ان کی تدفین کرنا
۲: قرض کی ادائیگی: مرنے والے پر اگر قرضہ ہو تو کفن دفن کے بعد ، اس کے مال سے پہلے اس کا قرض اتارا جائے گا۔وہ قرض چاہے انسانوں کا ہو، یا حج نا کئے ہونے کی صورت ، وصیت میں حج کرنا ہو یا نمازوں، روزوں کا فدیہ دینا ہو۔
۳: وصیت: کفن دفن و قرض کے بعد جو بچے،اس میں وصیت زیادہ سے زیادہ ایک تہائی مال (یعنی تقریبا ۳۳ فیصد) کی ہو سکتی ہے، اس سے زیادہ کی وصیت ہو تو نفاذ لازم نا ہو گا، جائز وصیت پر عمل لازم ہے چاہے وارثین اختلاف بھی کریں
۴: تقسیمِ وراثت: یعنی کفن دفن، پھر قرض کی ادائیگی، اور وصیت پوری ہو جانے کے بعد جو مال بچے گا وہ قرآن و سنت و اجماعِ امت سے جو ترتیب شرعی ثابت ہے اس کے مطابق تقسیم کر دیا جائے گا۔
ورثہ سے محروم کرنے والی چیزیں:
4 چیزیں ، وارث کو ورثہ سے محروم کر دیتی ہیں، اگر ان میں سے کوئی ایک بھی وارث میں ہوتو وہ اپنے رشتہ دار کا وارث نا بن سکے گا۔ 1: غلام ہونا، 2: کافر ہونا 3: اختلافِ دارِین 4: مُورِث کا قتل کرنا،
۱: غلام ہونا: جو شخص کسی کا غلام ہو وہ کسی بھی رشتہ دار کا وارث نا بن سکے گا ( آجکل ، غلامی کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے) لہذا یہ قابل عمل نہیں رہا۔
۲: اختلافِ دین: مسلمان کسی کافر کا ، اور کافر کسی مسلمان کا وارث نہیں بن سکتا،مرتد اگر مرد ہو تو حالت اسلام کی کمائی وارثوں کو ملے گی،اور دورِ ارتداد، کفر کی کمائی بیت المال میں جائے گی ، لیکن مرتد اگر عورت ہو تو مسلمان وارثوں کو وراثت سے حصہ ملے گا۔گمراہ اور بدعتی لوگ ، جو حد کفر تک نا پہنچے ہوں ، وہ وارث بنیں گے، البتہ گستاخ رسولﷺ، و شیخَین﵁ کی گستاخی کرنے والا وراثت سے محروم کر دیا جائے گا (بہارِ شریعت)
۳: اختلافِ دارین: یعنی ممالک الگ الگ ہونا، یہ صرف کفار کے لئے ہے، کہ کسی مسلمان ملک میں کوئی ذمِی کافر مر جائے ، تو دوسرے حربی ملک کا اس کا وارث ، ذمِی کافر کا وارث نا بن سکے گا۔مسلمان ہر جگہ ایک دوسرے کے وارث ہیں
۴: مُورِث کا قتل کرنا: قاتل اپنے مقتول کا وراث نہیں ہو سکتا، کہ بیٹا اپنے باپ کو، یا بھائی اپنے بھائی کو، یا بھائی اپنی بہن کو ناحق قتل کر دے تو اس قاتل کو مقتول کی جائیداد میں سے حصہ نا ملے گا۔ قتل کی 5 اقسام ہیں،
قتلِ عمد: کسی کو ارادہ کے ساتھ ، آلہ قتل ، یعنی خنجر، بندوق وغیرہ سے قتل کرنا، قتل شبہ عمد: کسی کو ارادہ کے ساتھ آلہ قتل کے علاوہ ، کسی اور چیز یعنی لاٹھی یا پتھر وغیرہ قتل کرنا،
قتلِ خطا: مثلا ، شکار کرتا گولی کسی جانور پر ہی چلائی لیکن وہ لگ کسی انسان کو گئی،اور وہ مر گیا۔ قتل شبہ خطا: مثلا سوتے میں یا چھت سے کسی پر گرا اور جس پر گرا وہ مر گیا ،
قتل بالسبب: کسی دوسرے کی زمین میں کوئی کنواں کھودا، یا پتھر لکڑی وغیرہ رکھی، تو کنویں میں گر کر یا لکڑی پتھر سے ٹھوکر کھا کر کوئی مر گیا ۔ پہلی چار صورتوں میں وارث نہ رہے گا، پانچویں صورت وارث ہو گا
ورثاء کو میراث ملنے کی ترتیب:
وارثین کی بالترتیب 8 اقسام ہیں، یعنی کفن دفن، قرض کی ادائیگی، اور وصیت پوری کرنے کے بعد ،میت کا بچا ہو ا تمام مال درج ذیل ترتیب سے وارثین میں تقسیم کیا جائے گا۔
۱: اصحابِ فرائض: اصحابِ فرائض میت کے وہ رشتہ دار ہیں جن کے حصے قرآن ،شریعت میں متعین ہیں، یہ ٹوٹل ۱۲ ہیں، چار مرد،(۱،باپ ، ۲،دادا، ۳،ماں جایا بھائی ، ۴،شوہر)، اور آٹھ خواتین ہیں، ۱، ماں، ، ،دادی ،۳ ،بیوی، ۴: بیٹی ۵، پوتی، ۶، حقیقی بہن ۷، باپ شریک بہن، ۸، ماں شریک بہن ۔ سب سے پہلے ان کے حصے نکالے جائیں گے، جو حصے اللہ تعالی نے قرآن پاک میں متعین کر دیے ،درج ذیل ہیں۔
| (۱) | نصف | (آدھا) یعنی دو میں سے ایک یا 100 میں سے 50 |
| (۲) | ربع | (چوتھائی) یعنی چار میں سے ایک یا 100 میں سے 25 |
| (۳) | ثمن | (آٹھواں) یعنی آٹھ میں سے ایک یا 100 میں سے 12.5 |
| (۴) | ثلث | (تہائی) یعنی تین میں سے ایک یا 100 میں سے 33.33 |
| (۵) | ثلثان | (دو تہائی) یعنی تین میں سے دو یا 100 میں سے 66.66 |
| (۶) | سدس | (چھٹا) یعنی چھ میں سے ایک یا 100 میں سے 16.67 |
۲: عصبات: ( بیٹا ، پوتا، باپ، دادا،بھائی ،بھتیجا ،چچا ) وغیرہ، اصحاب فرائض کو ان کا حصہ دینے کے بعد جو مال بچے گا وہ عصبات میں تقسیم ہوگا،اور اگر اصحاب فرائض ہوں ہی نہیں، تو سارا مال ان عصبات کو ملے گا،
۳: رَدّ عَلیٰ ذَوِی الفُرُوض: اگر عصبات میں سے کوئی زندہ یا موجود ہی نہ ہو، تو سارا مال نمبر ایک درجہ والے اصحاب فرائض کی طرف لوٹ جائے گا، اور دوبارہ انہیں میں متعین حصوں کے مطابق تقسیم کر دیا جائے گا(میاں بیوی کے علاوہ)
۴: ذَوِی الاَرحام: (نواسا، نانا، خالائیں، پھوپھیاں، ماموں، بیٹیوں و بہنوں کی اولاد، بھائیوں کی بیٹیوں کی اولاد) اگر اصحابِ فرائض، یا عصبات ، یعنی نمبر ایک اور دو درجہ کے رشتہ دار نا ہوں تو پھر ان ذوی الارحام کو حصہ ملے گا ،
۵: مولٰی مُوالات: اگراوپر مذکورہ رشتہ داروں میں سے کوئی بھی موجود نا ہو،تو مال اس مولٰی کا ہوگا، جس سے میت نے دو طرفہ قول قرار وعدہ کر لیا ہو کہ میرے مرنے کے بعد میرا مال تیرا ہو گا ،یا کوئی دیت ہو تو وہ بھی مولٰی دے گا
۶: مُقَرٌّ لَهُ بِالنَّسَب عَلَی الْغَیر: جس پر میت نے اقرار کیا ہو کہ یہ میرا سگا بھائی ہے، یا پوتا، یا بھتیجا وغیرہ ہے، اور مرتے دم تک اس بات سے رجوع بھی نا کیا ہو، اور اس اقرار کی تصدیق یا تکذیب شرعی طور بھی نا ہوئی ہو
۷: موصٰی لہ بِجَمِیعِ المال: ایسا شخص جس کے لئے میت نے ایک تہائی یا تمام کُل مال کی وصیت کی ہوئی ہو، اور اوپر والوں میں سے کوئی بھی موجود نا ہو تو سارا مال اس شخص کا ہو گا۔
۸: بیت المال یا غرباء ومساکین: اوپر مذکور کوئی بھی انسان مال لینے کو موجود نہیں تو ایسے انسان کا سارا مال مسلمانوں کے بیت المال میں جائے گا ،لیکن اگر بیت المال بد خیانتوں کے ہاتھ میں ہو تو سارا مال غریبوں مساکین میں تقسیم ہو گا